Print this page
Monday, 12 October 2015 17:35

فرقہ پرست طاقتوں کو حکومتی حمایت حاصل ہے

Rate this item
(0 votes)

۱۲؍اکتوبر۲۰۱۵ء ؁
علماء اور دانشور عوامی حمایت کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں
سرینگر//جماعت اسلامی جموں و کشمیر، ادہم پور علاقے میں ہندوفرقہ پرست عناصر کے ہاتھوں کشمیری ٹرک ڈرائیوروں پر جان لیوا حملوں اور ٹرکوں کو نذر آتش کرنے کی بہیمانہ کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے، اس اندیشہ کا اظہار کرتی ہے کہ ان عناصرِ بد کو سرکاری سرپرستی حاصل ہونے کی وجہ سے کھلی چھوٹ حاصل ہے اور آر ایس ایس اور بی جے پی سے وابستہ لیڈروں کے بیانات سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ان ہی غنڈوں نے جموں صوبے میں مسلمانوں کا جینا حرام کررکھا ہے اور یہ عناصر بد بار بار ایسی حرکتیں کرتے ہیں تاکہ مسلمان خوف زدہ ہوکر ، صوبہ جموں سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوجائیں۔ بھارت کے مسلمان۲۰۰۲ میں گجرات میں دن دھاڑے اپنا قتل عام ہوتے دیکھ چکے ہیں لیکن ایک بھی مجرم کے خلاف کوئی کارگر کارروائی نہ ہوئی اسی طرح ۱۹۹۲ء ؁ میں بابری مسجد کی شہادت کے بعد ہزاروں مسلمانوں کا سر راہ قتل عام کیا گیا لیکن ایک بھی قاتل کو پھانسی کی سزا نہیں ہوئی۔ اصل میں ان سب کارروائیوں کے پس پردہ وہاں کی فرقہ پرست قوتیں ہیں جن کو حکومت کی بھرپور حمایت حاصل رہتی ہے۔ حال ہی میں دادر میں ایک مسلمان کو بڑا گوشت رکھنے کے جھوٹے الزام میں دن دھاڑے قتل کیا گیا اور اُس کے گھر کو لوٹا گیا اور اہل خانہ پر ناقابل بیان تشدد کیا گیا اور حکومت سے وابستہ وزیروں اور ایم ایل اے حضرات نے ایسے بیانات داغے جن میں صاف طور پر اس غنڈہ گردی کی حمایت نظر آتی ہے لیکن اس کے باوجود ان فرقہ پرست جنونی لیڈروں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔ ان کارروائیوں سے صاف نظر آرہا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف ہندو فرقہ پرست تنظیموں اور دیگر عناصر کے کتنے برئے عزائم ہیں ۔ جموں صوبے میں بھی ایک منظم سازش کے تحت مختلف بہانوں کی آڑ میں مسلمانوں پر ان ہی غنڈوں کے ذریعے حملے کروائے جاتے ہیں تاکہ مسلمان خوف زدہ ہوکر جموں سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوجائیں۔ ان فرقہ پرست قوتوں کو حکومتی ایوانوں میں اثر و رسوخ حاصل ہے جس کی وجہ سے دن دھاڑے غیر قانونی حرکتیں کرتے ہیں۔
جماعت اسلامی اُدہم پور حملوں کے شکار تمام کشمیریوں سے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے علماء کرام اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے دانشور حضرات سے اپیل کرتی ہے کہ فرقہ پرست عناصر کی ان سازشوں کو ناکام بنانے کی خاطر ہوش مند عوام کی حمایت حاصل کریں اور مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دے کر ان عناصر بد کی کارستانیوں کو رکوائیں۔

Read 364 times